Pages

Wednesday, August 14, 2019

بلتستانی ماہرین موسمیات

غالب امکان یہی ہے کہ عنوان دیکھ کربعض قارئین کا تخیل قسم قسم کے افسانے تراشے گا۔ مثلاً بلتستان کی کسی یونیورسٹی سے ماہرین موسمیات فارغ التحصیل ہونے لگے ہیں ، یا یہاں کے کچھ نوجوانوں نے  بین القوامی سطح پر اس شعبے میں کارہائے نمایاں سرانجام دینا شروع کر دیا ہے۔ یہ بھی بعید از قیاس نہیں کہ چند بلتی اسے بھی ایک معجزہ قرار دیں۔۔
خیر ایسے خلاق ذہن رکھنے والوں یا عاشقان بلتستان سے گزارش ہے کہ صبر کا دامن پکڑیں اور آگے پڑھیں۔۔ ہاں اگر آپ کے دماغ شریف میں متذکرہ بالا خیالات آئے تهے تو پهر مجهے داد ضرور دیجیے
یہ 'راز نہاں'  مجھ پر چند روز قبل کھلا تھا جب مجھے پہلی بار اندازہ ہوا کہ موسم کی کیفیت میرے لیے کتنی اہم ہے ۔۔ حالانکہ نہ تو میں کاشتکار ہوں کہ فصل کی بویائی یا کٹائی کرنی ہے ۔ اور نہ ہی ملاح ہوں اور اگلے دن سمندری سفر پر نکلنا ہے کہ ہوا اور بادلوں کی بو سونگھتا پھروں ۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ  میں بھی اپنے بیشتر دوستوں کی مانند ہفتوں مہینوں آسمان کی طرف نگاہ نہ کروں پر یہاں صورتحال بالکل برعکس پاتا ہوں کہ رات کو سونے سے پہلے اور علی الصبح پہلا کام کھڑکی سے جهانک کر فلک پیمائی کرنا ہے  ۔ اندر سے صورتحال اگر واضح نہ ہو پائے تو یہ کام گھر سے نکلتے ہی کرتا ہوں ۔ سونے پہ سہاگہ دن میں کئی بارآسماں بینی کا یہ فالتو عمل دہراتا بھی ہوں ۔ اپنی اس عادت کی موجودگی بلکہ بلا ضرورت موجودگی کا احساس ہوتے ہی ایک بڑے فلسفی کی طرح خود کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کردیا ۔ دوسری جانب حفظ ما تقدم کے طور پر اپنے معمولات میں تبدیلی کے لیے چند فوری اقدامات کیے ۔ یعنی پہلے تو  اس بے اختیاری فعل پر قابو پانے کی شعوری کوشش شروع کر دی اور ذہنی طور پر خود کو یہ باور بھی کرانے لگا کہ آسمان  اور اس کے متعلقات سے ہمیں کیا لینا دینا ۔۔ وغیرہ وغیرہ
اگر بات میرے اپنے تک محدود ہوتی تو شاید میں اپنی مساعی میں کامیاب ہو بھی جاتا مگر افسوس کہ مجھے بار بار منہ کی کھانا پڑی ۔ ہوتا یوں ہے کہ جب بھی بلتستان سے کوئی فون آتا ہے تو سلام و دعا کے بعد پہلی بات موسم کے حوالے سے ہوتی ہے ۔ مثلاً اسلام آباد کا موسم کیسا ہے ؟ یہاں تو دھوپ نکلی ہوئی ہے ۔ اور پھر اگلی بات جو کہ درحقیقت اس سارے فساد کی جڑ ہے یعنی فلائٹ کے بارے میں پوچھنا یا بتانا ۔۔ قصہ مختصر یہ کہ روزانہ کی اس اکلوتی پرواز کے معاملے میں بلتستانی اس قدر حساس ہیں کہ  چاہے کسی نے سفر کرنا ہے چاہے نہیں، لیکن آج کی اور آنے والے کل کی فلائٹ کے بارے میں آپ پیش گوئی کرنے کے لازما قابل ہوں۔
اگر آپ کا تعلق بلتستان سے ہے یا آپ وہاں آتے جاتے رہتے ہیں تو پهر آپ لازما میرے ہم درد ہیں .. چلئے مل کر کسی مسیحا کو ڈهونڈتے 
ہیں۔ تب تک چاہتے یا نہ چاہتے مشق فلک پیمائی جاری رکھتے ہیں۔ 

ع
کس کو آتی ہے مسیحائی کسے آواز دوں  

Sunday, February 7, 2016

سکول + بارش = چھٹی

وطن عزیز میں جاری شدید گرم اور خشک موسم کے سبب ہم وطنوں کی اچھی خاصی تعداد کافی فکرمند اور باران رحمت کے لیے حتی المقدور مصروف عمل ہے. مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس ضمن میں اپنی تحقیقات بھی اہل دانش (ادھر ادھر کیا دیکھتے ہیں ، آپ سے مخاطب ہوں) کے سامنے رکھا جائے. تاکہ سند رہے اور بوقت ضرورت کام آئے.
درحقیقت اس اہم مسئلے کی جانب بچپن میں ہی ہماری توجہ مبذول ہوگئی تھی. وہ ایسے کہ ایک دن پرائمری سکول میں بارش اور چھٹی کا اٹوٹ تعلق ظاہر ہوا . (تفصیل کے لیے ہمارا مضمون 'پہلی بارش' دیکھیے) ہماری زندگی پر اس حیرت انگیز دریافت کے اثرات ویسے ہی مرتب ہوئے جس طرح سیب گرنے والے حادثے کے نیوٹن کی زندگی پر ہوئے تھے. دیکھ لیں عالی دماغوں کے شب وروز میں کس قدر مشابہت پائی جاتی یے. نیوٹن کی طرح ہم بھی اس دن سے دیوانہ وار بارش برسانے کے طریقے کھوجنے میں جت گئے . خیر یہ تو وقت نے ثابت کر دیا کہ نیوٹن کا مسئلہ ہمارے درپیش مسئلے کے سامنے ہیچ تھا. آآں ہاں.. آپ متفق نہیں ہیں . کوئی بات نہیں لیکن دیکھیے نا نیوٹن تو جب چاہے درخت پر چڑھ کر یا نیچے سے ہی ہاتھ بڑھا کر یا پتھر مار کر سیب توڑ سکتا تھا. اور لازما اس نے ایسا کیا اور خوب سیب کھائے.  اب بادل اور ہوائیں تو ہماری پہنچ سے باہر کی چیزیں تھیں. بلکہ یہ کہنا بےجا نہ ہوگا کہ قریب قریب یہ مسئلہ تو مابعد الطبیعات کا تھا.  یہاں مغرب کے ازلی تعصب کا ذکر کرنا بھی لازم ہے جو سائینس کے شعبے میں ہماری مساعی کو کسی قطار میں شمار نہیں کرتا.
افسوس کہ چوتھی جماعت میں آکر اپنی کوششیں ترک کرنا پڑیں . اور اس کی وجہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ چوتھی جماعت میں پہنچنے کا مطلب سکول کے دو عدد کمروں میں سے ایک کا حقدار ہونا تھا. لہذا مزید اس کار بیکار میں سر کھپانے کا کوئی فائدہ نہیں تھا.
اس زمانے میں موسم کے بارے میں جاننے کے دو ہی طریقے تھے . ریڈیو کی مقامی خبریں یا ہوا گھر (محکمہ موسمیات) کے چھوڑے ہوئے رنگین غبارے . ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا تھا کہ مذکورہ ادارے ہماری خواہش کا پاس رکھتے ہوئے بارش کی پیشگوئی کرے . آپ کہ سکتے ہیں کہ ہماری تحقیق کو مہمیز کرنے میں ان دو اداروں کی نالائقی نے بھی برابر حصہ ڈالا .
چونکہ یہ مسئلہ قدیم سے انسانوں خصوصا طلبہ کو درپیش تھا لہذا چند بقراطیوں نے فوری بارش برسانے کے چند نسخے پہلے سے ہی گڑ رکھےتھے. ان میں سے چند تو قبول عام کے درجے پر بھی فائز تھے. ہم نے بھی ایک ایک کرکے چند نسخے آزمالیے. ایک کے مطابق کچھ لایعنی جملے چالیس صفحات پر لکھ کر آب رواں میں بہادینا تھا. ظاہر ہے یہ ساری ریاضت پڑھنے لکھنے سے جان چھڑانے کے لیے ہورہی تھی. یوں یہ نسخہ کچھ دل کو نہ بھایا.   ایک نسخہء کیمیا جو کہ شاید ہماری طبیعت کے بھی موافق تھا اور جسے  اکثر کارگر بھی پایا ، مینڈک مارنا تھا. یہاں اکثر سے مراد پورے سکولی دور میں ایک آدھ بار ہی ہے . بے شمار معصوم ڈڈوں کے قتل کا گناہ بر گردن او ہے جس نے یہ نسخہ ہمیں سجھایا تھا.  یہاں علم حیاتیات کے طلبہ لازما ہمارے احسان مند ہیں اور اس کی وجہ وہ اہم دریافت ہے جو ہم نے چلتے چلتے کی تھی کہ کیوں ایک مینڈکی بے شمار انڈے دینے کے باوجود اکثر  بے اولاد مرتی ہے ؟ . وغیرہ وغیرہ
بادلوں کے اس سیر حاصل مطالعے کے دوران آخری قابل ذکر تجربہ جس پر ہم کام کررہے تھے ، یہ تھا کہ کسی طرح ایک مصنوعی بادل بنایا جائے جو ہماری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے قدرتی بادلوں کو گھیر گھار کر گمراہ کرے اور پھر سب ہمارے اشاروں پر ناچیں. یہ مفروضہ یقینا کسی فلم سے آیا تھا.
اسی قبیل کے سائنسی تجربات میں تین ساڑھے تین سال کا عرصہ جیسے پلک جھپکتے گزر گیا. اگر کچھ عرصہ مزید اسی کشمکش میں گزارتے تو لازما آج حضرت انسان بادلوں کو بھی اپنا مطیع و تابع فرمان بناچکا ہوتا. صد شکر کہ ایسا نہیں ہوا ..

ماہی خوری

محکمہ ماہی پروری سے تو آپ بخوبی واقف ہونگے. بچپن میں ایک بار ہم نے ایک جاننے والے سے جو اس محکمے میں ملازم تھے پوچھا تھا کہ بھائی جب آپ لوگ مچھلی پالتے اور بیچتے ہیں تو نام کیوں مچھلی پروری نہیں رکھتے؟ جواب میں انہوں نے زبان فارسی کی حلاوت و شیرینی پر ایک تقریر فرمائی تھی اور کہا تھا اردو میں اس نوع کے اہم امور ادا کرنے کی طاقت و صلاحیت نہیں ہے. ہر دو متذکرہ ناموں کا بھی تقابل کرکے معیار کا فرق سمجھانے کی کوشش کی .  میرا خیال ہے کہ میں آپ کو خواہ مخواہ پریشان کر رہا ہوں. یہ بتائیں کہ کبھی آپ نے مچھلی کھائی ہے ؟
یقینا سب کا جواب ہاں میں ہوگا ...
اب اس سوال کا جواب دیں
کبھی آپ نے زندہ مچھلی کھائی ہے ؟
کیا ؟ زندہ مچھلی ؟
اچھا چلیں مچھلی کا زندہ بچہ ؟
نہیں نہیں ....
مجھے پتہ تھا حیرت اور کراہت سے یہی کہیں گے ..
چلتے چلتے اب ذرا زندہ مچھلی کے فوائد سن لیں . پھر ہوسکتا ہے کہ آپ اس جانب کچھ توجہ فرمائیں.
فائدہ نمبر 1. یہ آپ کا قیمتی وقت بچاتی ہے . جھٹ سے پکڑیں پٹ سے کھائیں . صاف کرنے اور پکانے کی جھنجھٹ سے نجات
نمبر 2. مچھلی پیٹ کے کیڑوں کو کھاتی ہے. اگر پیٹ میں بھی زندہ رہے تو ..
نمبر 3. زندہ مچھلی کھانے سے دولت مل سکتی ہے.. وہ کیسے ؟ یہ راز کھانے کے بعد فاش ہوگا
نمبر 4. مچھلی کا زندہ بچہ نگلنے سے تیراکی آجاتی ہے. احتیاطا یہ دیکھ لیں کہ بچہ شارک کا نہ ہو.
فائدہ نمبر 5. زندہ مچھلی کھانے کے بعد آپ کوئی غلطی نہیں کریں گے. کم از کم ایسی غلطی دوبارہ نہیں کریں گے..
یہ چیدہ چیدہ فائدے ہیں جنہیں گنوا کر بچپن میں ہمارے دوست ہمیں زندہ مچھلی کھانے پر مائل کرتے تھے . چند پرکشش فائدے ان کے علاوہ بھی ہیں جنہیں بعض وجوہ کے پیش نظر نہیں لکھ رہے . غالب امکان یہی ہے کہ ایسے دوست آج کل بھی بکثرت پائے جاتے ہیں .
آپ کے ذہن میں یقینا ابھی تک یہ سوال کلبلا رہا ہے کہ ہم نے کھائی یا نہیں .. یے نا ؟
تو اس کا جواب تھوڑا پیچیدہ ہے . بس اس سے اندازہ لگا لیں کہ ہم نے بہت جلد تیراکی سیکھ لی تھی . لیکن اس شتابی کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ان دنوں ہمارا بیشتر وقت ہرگسا نالے*  میں پانی سے کھیلتے گزرتا تھا. 
ویسے ہمارے دوست کچھ اتنے غلط بھی نہیں تھے. بہت بعد میں ہم پر یہ حقیقت کھلی کہ مشرق بعید والے زندہ مچھلی بڑی رغبت سے کھاتے ہیں. وہاں اچھے باورچی کی پہچان یہ ہے کہ کھانا آپ کے سامنے ایسے پروئے کہ مچھلی نہ صرف زندہ ہو بلکہ باقاعدہ تڑپ رہی ہو.
* ہر گسا (hargisa) نالا سکردو شہر کے مغرب میں بہتا تھا. سنا ہے سدپارہ ڈیم کی تعمیر کے بعد دریائے راوی کی طرح بہنے والا شغل ترک کرچکا ہے.

قصہ سکول جانے کا

سکول نامی جگہ سے ہماری پرانی شناسائی تھی. وہ ایسے کہ موصوف ہمارے گاوں میں نہیں بلکہ اس میں ہمارا گاوں واقع تھا. چونکہ حیرت انگیز طور پر پاکستان میں دنیا کی بڑی اور انوکھی چیزیں بکثرت پائی جاتی ہیں تو یہاں یہ دعوی کر نے میں تامل کرنے کی ضرورت نہیں کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا سکول تھا. اس کے علاوہ بھی چند خصوصیات ہیں (ذکر آگے آئے گا) جن کی بنا پر اس سکول کا مقام منفرد و ممتاز تھا.
گھر میں ایک عرصے سے سکول میں ہمارے داخلے کاچرچا تھا اور تیاریاں زورشور سے جاری تھیں پر اچھا زمانہ تھا سونے سے پہلے ساری فکریں بھلا دیتے تھے اور ہر صبح ایک نئی صبح ہوتی تھی. لیکن ایک دن آنکھ کھلی تو دیکھا کہ والدہ سرھانے بیٹھیں کچھ پڑھ کر ہم پر پھونک رہی ہیں. ذہن میں پہلا خیال یہی آیا تھا کہ ہم پھر سے بیمار ہوگئے ہیں. والدہ ہمیں پریشان دیکھ کر فورا معاملے کی تہ تک پہنچ گئیں اور مسکراتے ہوئے بڑے پیار سے یہ مژدہ سنایا کہ آج سکول جانا ہے جلدی اٹھ کر منہ ہاتھ دھولو. انہیں سرھانے پاکر ڈر کے مارے جس تیزی سے نیند غائب ہوئی تھی ، یہ سنتے ہی اس سے دس گنا تیزی سے دوبارہ غالب آگئی. چاروناچار اٹھنا پڑا.  ناشتے کے بعد والد صاحب کی ہم رکابی میں ایک بھاری بھر کم بستہ کندھے پر لٹکائے ، ایک ہاتھ میں تختی اور دوسرے میں تھرماس پکڑے سکول کے لیے روانہ ہوئے. اس طرح ہم باقاعدہ سکول میں داخل ہوئے اور یہ سلسلہ کم و بیش دس سال چلا.
ہمارا گھر گاوں کے تقریبا سرے پر تھا اور سکول کی مرکزی عمارت گھر سے قدرے دور گاوں کے درمیان میں واقع تھی. البتہ چند آوارہ مزاج کلاسیں، خانہ بدوشوں کی مانند گھنے سائے،  پھل دار درخت یا کسی اور فائدے کے حصول کے لیے اکثر و بیشتر پورے گاوں بلکہ مضافات تک میں بھٹکتی رہتیں . سکول کے اس طور پھیلنے اور سکڑنے کے پس پردہ کچھ اور عوامل بھی کارفرما تھے. مثلا سکولی دور کے دوسرے سال ہمارے ایک نوجوان اور کنوارے استاد کے عشق نے ہمیں چند مہینے ایک قبرستان میں بیٹھ کر پڑھنے پر مجبور کیا. اس قصے کی تفصیل کسی اور مناسب وقت کے لیے اٹھا رکھتے ہیں . یہاں سکول کی کثیرالجہتی کا اندازہ بھی آپ کو بخوبی ہورہا ہوگا. ابتدائی جماعت ہی سے اس نوع کی تربیت کے ذریعے طلبہ کو عملی زندگی کے لیے تیار کیا جاتا تھا. بعض اوقات استاد محترم نے گھر کے اہم امور بھی نمٹانے ہوتے تھے ، انہیں ہر ممکن سہولت بہم پہنچانے کے لیے کلاس ان کے گھر کے نواحات میں چلی جاتی تھی. سکول سے چند فرلانگ کے فاصلے پر ایک دل فریب نخلستان واقع تھا. میٹھے پانی کا ایک عدد چشمہ اور اس سے متصل ایک بڑا تالاب اس سبزہ زار کی خوب صورتی کو چار چاند لگاتے تھے. گرمیوں میں یہاں بیٹھ کر پڑھنا اور پڑھانا ہر طالب و استاد کی دلی تمنا ہوتی تھی. افسوس نخلستان کے مالک کو اس خواہش سے کچھ سروکار نہ تھا.  اس لیے وہ اکثر اس میں پانی چھوڑ دیتا تھا تاکہ اس کے جانور سہولت سےچر سکیں.
سکول کی وردی سستے کھدر نما ملیشیا رنگ کے کپڑے کی قمیض شلوار پر مبنی تھی. والدہ کو قلق تھا کہ گھر میں سلائی مشین کی عدم موجودگی خواہ مخواہ فضول خرچی کا سبب بن رہی ہے. حالانکہ جس خیاط سے والد صاحب کپڑے سلواتے تھے ، پورے شہر میں ان سے کم سلائی لینے والا کوئی دوسرا نہ تھا . نیز جب انہیں خبر ہوئی کہ راقم سکول میں داخل ہونے جا رہا ہے تو جذبہ خیر سگالی کے تحت سلائی میں مزید کمی کردی تھی. موصوف انسان تو بےشک اچھے تھے لیکن ان کے سلے ہوئے کپڑے اس لیے برے تھے کہ ان کے جوڑ بغیر کسی تخصیص کے کبھی بھی کھل جاتے تھے. دراصل حضرت کو اپنی کاریگری اور تجربے پر اس قدر اعتماد تھا کہ ناپ لینے کی زحمت نہیں کرتے تھے. بس نظر بھر کر دیکھ لیا اور پھر حافظے کے بل بوتے پر سوٹ تیار. قمیض کی حد تک تو یہ کجی قابل برداشت تھی پر شلوار کا معاملہ چونکہ بڑا نازک ہوتا ہے لہذا کئی بار سخت خفت اٹھانا پڑی. والد صاحب پھر بھی تبدیلئ خیاط پر راضی نہ تھے . الٹا قصوروار ہمیں ہی ٹھہراتے تھے کہ سکول میں داخل ہونے کے باوجود اٹھنے بیٹھنے کی تمیز نہیں آئی. آخرکار دوسرے سال جب آخری حربہ آزماتے ہوئے سکول جانے سے صاف انکار کردیا تب اس مشکل سے جان چھوٹی.
وردی تو والدہ نہ سی پائیں پر میرا بستہ انہوں نے بڑی محنت اور محبت سے سیا. ان کی نفاست بستے کے ڈیزائن اور پائیداری سے برابر جھلکتی تھی. پہلے میری بھی شدید خواہش تھی کہ بازار سے ایک نیا اور رنگین بستہ لیا جائے لیکن انہوں نے انتہائی خوب صورتی سے مجھے قائل کرنے کی کوشش کی. نتیجتا طویل مذاکرات کے بعد  میں اس شرط پر راضی ہوا کہ بستہ تیار ہونے کے بعد اگر پسند نہ کروں تو بازار سے ہی خریدا جائے گا. اس کے بعد انہوں نے کام شروع کردیا اور اپنے ہاتھوں سے ایسی سیدھی، صاف ستھری اور خوبصورت دوہری سلائی کی کہ مشین کیا کرتی. حتی کہ کئی لوگوں کو یہ ماننے میں تامل تھا کہ یہ ہاتھ کا سلا ہوا ہے. پہلے میرا پورا ارادہ یہی تھا کہ مکمل ہونے پر ناپسند کرتے ہوئے رد کردوں گا پر ان کی محبت ، محنت اور بستے کی خوب صورتی دیکھی تو قبول کر لیا. یہ بستہ مڈل سکول تک یعنی چھے سال چلا. اس کے بعد بھی اسے کچھ نہیں ہوا تھا لیکن اب کتابیں زیادہ ہوگئی تھیں. ایک عرصے تک وہ بستہ کچن میں مختلف چیزیں رکھنے کے کام آتا رہا.
اس زمانے کا رواج تھا کہ سکول میں داخلے کے وقت طالب علم کی طرف سے تمام اساتذہ کو پارٹی دی جاتی تھی. اب آج کا زمانہ تو ہے نہیں کہ بیکری سے تیار چیزیں خریدلیں لہذا والدہ نے سارے لوازمات خود تیار کیے. ایک چائے کا تھرماس اور تھیلا والد نے پکڑا، اور ایک تھرماس میں نے. چند چیزیں میرے بستے میں سمائیں. یہ مال و اسباب اٹھا کر سکول کے لیے روانہ ہوئے. والدہ دروازے تک چھوڑنے آئیں. راستے میں جو بھی ملا اس نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات ظاہر کیں. سکول پہنچا تو اسمبلی جاری تھی. لڑکے با آواز بلند لب پہ آتی پڑھ رہے تھے. ایک مدت بعد اس دعا کا مطلب واضح ہوا اور اس کے بھی کچھ عرصے بعد پتہ چلا کہ یہ علامہ اقبال کی نظم ہے. ہیڈماسٹر ، مشہور استاد، ماہر تعلیم محمد علی صاحب تھے. جو طلبہ میں اپنی ایک عرفیت سے جانے جاتے تھے.  انتہائی علم دوست اور اصولوں کے پابند تھے.  یقینا میرے جیسے  چند کام چوروں نے انہیں یہ عرفیت دی تھی . والد کی وجہ سے انہوں نے ہمارا استقبال بڑے تپاک سے کیا. رجسٹر میں نام کے اندراج کے بعد والد نے باقاعدہ مجھے ان کے حوالے کردیا، جس طرح تھانے والے عدالتی فیصلے کے بعد مجرم کو جیلر کے حوالے کرتے ہیں. سکول کے اساتذہ کو خبر ہوچکی تھی کہ چائے پانی کا بندوبست ہے لہذا سب حاضر تھے. ہمیں ایک استاد نے کلاس کی راہ یوں دکھائی. وہ سامنے جو سفید شہتوت کا درخت دکھ رہا ہے، اس کے نیچے تمہاری کلاس ہے. ہم نے بطرف شہتوت چلنا شروع کیا . راستے میں جتنی کلاسیں ملیں، ہر ایک میں سے ایک آدھ قرابت دار یا دوست برآمد ہوا اور بغل گیر ہوکر خوشی کا اظہار کیا . اپنی کلاس میں پہنچے تو یہ دیکھ کر ازحد خوشی ہوئی کہ کئی لنگوٹیے وہاں پہلے سے موجود تھے. پارٹی کے بعد والد صاحب،  استاد کے ہمراہ کلاس میں آئے . مجھے خوش دیکھ کر مطمئن ہوگئے اور یہ کہ کر کہ اب چھٹی سے پہلے گھر مت جانا، چلے گئے.

Friday, June 19, 2015

پہلی بارش

پرائمری سکول کی عمارت چار کمروں پر مشتمل تھی . ایک ہیڈماسٹر صاحب کا دفتر تھا اور دوسرا اساتذہ کی بیٹھک . باقی کے دو کمروں میں بڑوں کی کلاسیں ہوتی تھیں. ویسے تو یہ بڑے چوتھی اور پانچویں جماعت کے لڑکے تھے پر جب دیکھو اساتذہ اور والدین سے زیادہ ہمارے خیرخواہ بنے پھرتے تھے. حیرت انگیز طور پر یہ صاحبان کمرے جیسی نعمت پاکر کچھ زیادہ خوش نہ تھے . اس ناشکری کا راز ہم پر اس دن کھلا جب سکول میں داخل ہونے کے بعد پہلی بار بارش ہوئی . اس روز اسمبلی کے بعد ہم  اپنی کلاس یعنی سفید بے دانہ شہتوت کے نیچے پہنچ کر گیلی مٹی کے اوپر خشک ریت ڈال رہے تھے تاکہ نمی کے مضر اثرات سے خود کو محفوظ رکھ سکیں. تختہ سیاہ اور استاد کی کرسی لانے کی ذمہ داری اس دن جن لڑکوں کی تھی ، وہ ابھی راستے میں ہی تھے . یکایک آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں اور چشم زدن میں پانی چھم چھم برسنے لگا . استاد کی غیر موجودگی اور دستور مکتب سے ناواقفیت آڑے آئی اور بھیگنے لگے . ایسے میں بڑی فکر یہ لاحق ہوئی کہ جس تختی پر چکنی مٹی کی روشنائی سے گھر کا سارا کام لکھا ہے  اسے مٹنے سے کیسے بچائیں . اتنے میں ہم نے دیکھا کہ دوسری کلاس جو ذرا دور خوبانی کے درخت کے  نیچے ہورہی تھی ، کے لڑکوں نے زور سے چھٹی کا نعرہ مارا اور تتر بتر ہوگئے . ہم ابھی کوئی فیصلہ نہیں کرپائے تھے کہ اسی کلاس کے استاد کی نظر بیٹھک کی طرف دوڑتے ہوئے ہم پر پڑی . وہ رک گئے اور چلا کر بولے 'تمہیں بارش میں بھیگنے کا کوئی خاص شوق ہے . بھاگو ' یہ سننے کی دیر تھی کہ ہم نے اس تختی کو جس کی اب تک جی جان سے حفاظت کررہے تھے ، سر پر تان لیا اور بستہ اٹھا کر دوڑ پڑے. جب ہم سکول کی عمارت کے پاس سے گزرے تب بڑوں کے کمروں پر نظر پڑی. وہاں بدستور پڑھائی جاری تھی اور سب کن اکھیوں سے گھر جانے والے خوش نصیبوں کو حسرت سے تک رہے تھے .

Wednesday, June 27, 2012

الفاظ و معنی ۔۔۔۔۔۔

دنیا کی ہر بڑی زبان کی طرح اردو میں بھی دیگر زبانوں کے الفاظ ، اصطلاحات وغیرہ مستعمل ہیں ۔ عموماً ہوتا یہ ہے کہ الفاظ اپنے معنی کے ساتھ دوسری زبان میں داخل ہوتے ہیں لیکن حیرت اس وقت ہوتی ہے جب کبھی کسی لفظ کے بارے میں معلوم ہوتا ہے کہ پچھلی زبان میں تو اس کا مطلب کچھ اور ہے جبکہ  نئی زبان میں اسے نئی شناخت ملی ہوئی ہے۔
یہاں ایک واقعہ یاد آرہا ہے ۔ ہوا یہ کہ ہمارے ایک عزیز کی شادی کسی دور کے گاوں میں ہوئی۔ جب دلہن سسرال پہنچی تو اس کی خوبصورتی سےجہاں ایک طرف بہت سارے  متاثر ہوئے ، وہاں بعض حاسدین نے کیڑے نکالنے کا کام بھی شروع کردیا ۔ ایسی ہی ایک حاسد عورت نے دلہن کے نام کے حوالے سے یہ انکشاف کیا کہ اس کا اصلی نام چونکہ  بہت عجیب سا ہے اس لیے سسرالیوں نے اسے یہ نیا نام خود سے دیا ہے ، کیونکہ انہیں بھی وہ دقیانوسی نام قبول نہیں ۔ مجھے حیرت ہوئی کہ کیسے ایک شخص کے بیک وقت دو مختلف نام ہوسکتے ہِیں۔
لیکن یہ واقعی میں ہوا تھا ، اب اس خاتون کے دو نام ہیں۔ ایک سے وہ نئے گھر، گاوں میں پہچانی جاتی ہیں جبکہ دوسرے سے پرانے میں۔  اب یہ مجھے معلوم نہیں کہ انہیں کون سا نام زیادہ پسند ہے۔  میرا اپنا خیال ہے کہ پرانا پسند ہوگا ، یا نیا بھی ہو سکتا ہے۔
 لفظوں کی اس دو رنگی کا ذکر انگریزی صفت 'سمارٹ' سے شروع کرتے ہیں۔ اردو میں بھی یہ صفت ہی ہے لیکن اس کا مطلب خوب رو مرد، صحت مند مرد جبکہ انگریزی میں سمارٹ شاطر، چالاک وغیرہ کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے ۔ اسی طرح انگریزی فعل 'رش'  اردو میں اسم میں تبدیل ہو کر ہجوم ، بھیڑ خاص کرسڑک پر گاڑیوں کے ہجوم وغیرہ کے معنی دے رہا ہے جبکہ انگریزی میں تیز ، جلدی بھاگنا وغیرہ کے لیے مستعمل ہے۔
اب ذیل کی فہرست پر نطر ڈالیں اور دیکھیں کہ عربی کلمات کا اردو میں کیا حشر ہوا ہے ۔
لفظ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ عربی معنی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اردو معنی
احتجاج                            دلیل پیش کرنا                    اعتراض، انکار
احتیاط                             گھیرنا، احاطہ کرنا              ہوشیاری، بچاو
ادارہ                               گھمانا                               دفتر، محکمہ
ادنی                               انتہائی قریب                      گھٹیا، کم تر
استعفاء                     معافی طلب کرنا                 نوکری چھوڑنے کی درخواست
استعمار                          آباد کرنا                            غاصبانہ تسلط
اقبال                               آگے بڑھنا                         خوش قسمتی، عروج
اوقات                            وقت کی جمع                      حیثیت، حالت
بندر                              بندرگاہ                             ایک جانور
بنیان                            عمارت                             ایک لباس
جذبہ                            مسافت                              جوش ، ولولہ
جراب                         میان                                 موزا
جناب                          گوشہ ، کنارہ                     حضرت، قبلہ
حرام                         حرمت والی چیز، جگہ          ناجائز، حلال کی ضد
 حریف                      ہم پیشہ                                دشمن، رقیب، مقابل
حوصلہ                      پرندے کا پوٹا                      جرات، ہمت، ظرف
خصم                        دشمن                                  دشمن، شوہر
رقبہ                         گردن                                   احاطہ زمین
رقیب                        محافظ                                 دشمن، مقابل
طفیل                        طفل                                     ذریعہ، واسطہ
طویلہ                       لمبی عورت یا چیز                  اصطبل
عرصہ                     صحن                                    وقت، زمانہ
غریب                     پردیسی، مسافر                        مفلس
غصہ                      غم، پھندا                                 ناراضی، برہمی
غلیظ                       گاڑھا                                     ناپاک، گندا
قاصد                       ارادہ کرنے والا                       نامہ بر، ڈاکیا
قبض                       دامن سمیٹنا                            ایک بیماری
قرینہ                      بیوی، ساتھی                           طرز، انداز، سجاوٹ
مدہوش                   حیران                                    بے خود، بے ہوش
مدیر                      گھمانے والا                            ایڈیٹر
مزاج                     آمیزش                                   طبیعت، عادت
موسم                   لوگوں کے جمع ہونے کی جگہ         وقت، رت
وجہ                   چہرہ، سامنے کا حصہ               سبب، کارن
وردی                 گلابی ، سرخ                             مخصوص لباس

ان کے علاوہ بھی بے شمار مثالیں موجود ہیں ۔ یہاں صرف معروف اور ایسے الفاظ جن کے معانی نسبتاً زیادہ بدلے ہیں ، کو شامل کیا گیا ہے ۔
الفاظ کا یہ سفر جاری ہے اور جاری رہے گا ۔ اس عمل کو کوئی روک  نہیں سکتا لیکن یہاں سوال یہ اٹھتا ہے کہ اس منتقلی کے دوران الفاظ کے معنی کیوں اور کیسے بدل جاتے ہیں؟ آیا یہ کام کسی کے کہنے سے ہوتا ہے یا کسی کی فرمائش پر یا خودبخود انجام پاتا ہے؟   میرا خیال ہے ان سوالات کا تسلی بخش جواب شاید ہی کوئی دے سکے گا۔


Friday, May 25, 2012

بچگانہ حرکتیں ۔۔۔۔۔

  میں نے ایک دن یونہی اپنے چار سالہ بھانجھے سے پوچھ لیا کہ بڑا ہوکر کیا بنے گا؟ تو اس کا فوری جواب آیا۔  "پبلک سکول کی بس کا ڈرائیور"۔۔۔  اس معصوم کا یہ بے ساختہ جواب سن کر ایک قہقہہ بلند ہوا ۔ اس کی ماں نے البتہ غصے سے اس کو گھورا ، کیونکہ ہفتہ پہلے ہی وہ بڑے فخر سے بتا رہی تھیں کہ میرا بیٹا بڑا ہو کر ڈاکٹر بنے گا ۔ اور جب میں نے تصدیق کے لیے بھانجھے سے پوچھا کہ ڈاکٹر بن کر تو کیا کرے گا تو اس نے جواب دیا تھا ۔"سب کو ٹیکہ لگاوں گا"۔ کچھ ڈاکٹروں کو ٹیکہ لگاتے ہوئے دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ وہ بھی اسی نیک کام کو انجام دینے کے لیے ہی ڈاکٹر بنے ہیں ۔  گمان ہوتا ہے کہ اس کام میں مزہ بہت ہے یا اس کے ذریعے وہ اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہیں ، مہذب الفاظ میں کیتھارسس کرتے ہیں ۔ شاید اسی وجہ سے بھانجھے میاں کو بھی یہی شغل پسند آیا تھا ۔۔  ہمارے ہاں آجکل ٹیکہ لگانے کو دھوکا دینے، نقصان پہنچانے کے مفہوم میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ احتیاطاً بتا ہی دوں کہ میں نے  ان معنوں میں استعمال نہیں کیا ہے اور بھانجھا تو خیر ابھی بچہ ہے ۔ 
بھانجھے کے اس نئے فیصلے کی وجہ جاننے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ ایک دن قبل وہ اپنے والد کے ساتھ اپنے بڑے بھائی کو لینے پبلک سکول گیا تھا۔ وہاں اس نے دیوہیکل بس دیکھی اور اس کے سحر میں مبتلا ہوگیا ۔۔ شاید اس نے سوچا ہوگا کہ دنیا کا سب سے ضروری ، احسن اور دل چسپ کام بس چلانا ہے ۔ 
اسی طرح ایک عزیز کے چھے سالہ بیٹے نے ایک دن اچانک یہ مطالبہ کر کے سب کو حیران ، پریشان کردیا تھا کہ "میں نے شادی کرنی ہے"۔ اس بچگانہ بلکہ احمقانہ مطالبے کی وجہ توآپ بغیر بتائے سمجھ گئے ہوں گے ۔ یہی کہ ماضی قریب میں وہ کسی شادی میں شریک ہوا تھا ، اور وہاں دولہے میاں کی شان و شوکت دیکھ کر بے حد  مرعوب ہوا۔ 
پس ثابت ہوتا ہے کہ اس طرح کی ناپائیدار، فوری اور معصومانہ باتیں ، حرکتیں صرف بچوں کو ہی زیب دیتی ہیں ۔۔ افسوس کہ کچھ بچے ، بالغ اور سمجھ دار ہو کر بھی نہیں ہوتے اور بچگانہ حرکتیں بدستور جاری رکھتے  ہیں۔ نتیجتاً پھر خمیازہ بھی بھگتے ہیں ۔۔
۔۔۔ بیچارے ۔۔۔